اسلام آباد: نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور وزارت برائے انفارمیشن اینڈ ٹیلی کام نے پیغام رسانی کے لیے واٹس ایپ کی متبادل ایپلیکیشن تیار کرلی، جسے آئندہ چند روز میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کے مطابق پاکستانی ماہرین نے سائبر حملوں سے محفوظ رہنے کے لیے مقامی سطح پر ’بیپ پاکستان‘ نامی موبائل اپیلیکیشن تیار کی ہے۔
اس ایپ کی آزمائش کامیاب رہی، جس کے بعد اسے آئندہ چند روز میں متعارف کرادیا جائے گا۔
این آئی ٹی بی کے مطابق ابتدائی طور پر سرکاری ملازمین پیغام رسانی اور دستاویزات کی لین دین کے لیے بیپ پاکستان استعمال کریں گے، بعد ازاں عوام بھی اس ایپ سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
تاریخ میں پہلی بار سرکاری ملازمین کو بہتر،مؤثراور محفوظ ترین مواصلاتی سہولت فراہم کرنے کیلئے "بیپ پاکستان”سرکاری سطح پر متعارف ہوگا. ڈیجیٹل پلیٹفارم این آئی ٹی بی نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلیکام کے زیرِ اہتمام تیار کیا ہے جو مواصلات کی دنیا میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ pic.twitter.com/sM7CBCEKcz
— National Information Technology Board (@NationalITBoard) June 28, 2021
اس ایپ کے حوالے سے زیادہ تفصیلات تو سامنے نہیں آئیں مگر یہ ضرور ہے کہ اسے واٹس ایپ کی طرز پر بنایا گیا اور اس کے متبادل کے طور پر متعارف کرایا جارہا ہے۔
اس ایپ کے ذریعے انٹرنیٹ سے جوڑ کر میسجز، آڈیو ، ویڈیو کالنگ اور تصاویر و دیگر دستاویزات کا تبادلہ کیا جاسکے گا، جس کا ڈیٹا سرور پاکستان میں ہی ہوگا۔
سرکاری حکام نے بتایا کہ اس ایپ کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم این آئی ٹی بی اور وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیلی کام کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جو مواصلاتی کی دنیا میں اہم سنگِ میل ثابت ہوسکتی ہے۔