جہاں خون جماتی سردی سے آبشاریں تک منجمد ہوجاتی تھیں،سورج ٹھنڈٓا پڑجاتا تھا،آج وہ علاقہ صحرا کی طرح تپ رہا ہے، سورج آگ بگولہ ہوکر سوا نیزے پر آگیا ہے،قدرت سے چھیڑ چھاڑ نے موسمیاتی تبدیلی کی صورت میں کینیڈا جیسے ترقی یافتہ ملک کو بھی نہیں بخشا ، جہاں تاریخ میں پہلی بار قیامت خیز گرمی نے زندگیاں نگلنا شروع کردی ہیں–
کینیڈا جیسے سرد ترین ملک میں پہلی بار درجہ حرارت 49 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ پر جاپہنچا ہے ۔۔۔ ان دنوں کینیڈا کا موسم دبئی درجہ حرارت بتارہا ہے-
کینیڈا جو شمال مغرب میں واقع ہے ،عموماً پورا سال یہاں کا موسم سرد رہتا ہے ، کینیڈا کےدس صوبوں میں سے اکثریت میں شدید سردی پڑتی ہے ۔۔ لیکن ماحولیاتی تبدیلیوں نے کایا ہی پلٹ کر رکھ دی ہے۔۔۔ جن شہروں میں شدید سردی ہوتی تھی وہاں اتنی بدترین گرمی پڑ رہی ہے کہ ہیٹ ویو سے چار دن میں دو سو سے زیادہ لوگ دم توڑ چکے ہیں ۔
گرمی سے سب سے زیادہ مغربی علاقے متاثر ہوئے ہیں، کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں گرمی نے سب سے زیادہ قہر ڈھایا ہے،جہاں پارہ پچاس ڈگری تک جاپہنچا اور اسی سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، برٹش کولمبیا کے شہر وینکوور میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں ۔ حبس اور گھٹن سے ستر سے زیادہ افراد چل بسے،حالانکہ یہ علاقہ سرد ترین سمجھا جاتاہے اسی لئے گھروں میں اے سی لگانے کا رواج نہیں ہے۔۔ لیکن بدقسمتی سے یہی وجہ ہلاکتوں کی بڑی وجہ بنی، کیونکہ گھروں کو سردیوں میں گرم رکھنے کا تو نظام تھا لیکن ٹھنڈا رکھنے کا کبھی سوچا ہی نہیں گیا اور نہ ہی ضرورت محسوس کی گئی۔
کینیڈین حکام نے لوگوں کو گرمی سے بچانے کیلئے عارضی فوارے لگائے ہیں ۔۔ جبکہ اے سی کی مانگ بھی پیدا ہوگئی ہے ۔ برٹش کولمبیا کے چیف کے مطابق شدید گرمی پڑنا غیر معمولی بات ہے،اس سے پہلے کبھی ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔۔صوبائی حکام کے مطابق جمعے سے پیر تک پینسٹھ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملیں ۔۔ منگل کو بیس افراد چل بسے اور یہ سب شدید گرمی کی وجہ سے ہوا۔۔ کینیڈا کے محکمہ موسمیات نےصوبے البرٹا اور برٹش کولمبیا میں مزید گرمی کی پیش گوئی کی ہے ۔۔برٹش کولمبیا کے مختلف علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے ٹھنڈے پانی کی مفت بوتلیں بھی بانٹی جارہی ہیں ۔
تاریخ میں پہلی بار شدید گرمی پڑنے پر شہری بل بلا اٹھے ۔ سمندر پر لوگ کا جم غفیر لگ گیا،بچے اور بوڑھے فواروں کے نیچے گرمی کا توڑ نکال رہے ہیں ۔۔ وینکوور کے رہائشی کہتے ہیں موسمیاتی تبدیلوں نے سرد ترین جگہ کو بھی گرم کردیا ۔۔۔ شہر میں اتنی گرمی پہلے کبھی نہیں دیکھی ۔
کینیڈا ہی نہیں بلکہ امریکا بھی جون میں گرم ترین قرار دیا جا رہا ہے ۔جون میں واشنگٹن ، اور اوریگن سمیت دیگر شمال مغربی ریاستوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے ۔۔۔ ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں انتظامیہ نے لوگوں کو ہیٹ ویو سے بچانے کیلئے کولنگ سینٹرز قائم کردیے ہیں۔ امریکی محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کیلئے مزید گرمی کی پیش گوئی کی ہے اور لوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے-
صبا صابر اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں- ٹوئٹر پر وہ @SabaSateen کی آئی ڈی سے ٹویٹ کرتی ہیں