لندن : برطانوی خاتون کے کپڑوں کی دکان میں پانچ سالہ بیٹے سے مشابہ مجسمہ دیکھ کر ہوش اڑ گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی کاؤنٹی ویلز سے تعلق رکھنے والی خاتون لوئیز اپنے بیٹے سے ہوبہو مماثلت رکھنے والا مجسمہ کپڑوں کے اسٹور میں دیکھ کر حیران رہ گئی، جسے سب سے پہلے لوئیز کی بھتیجی نے دیکھا تھا۔
لوئیز کی بھتیجی نے مجسمہ دیکھ کر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے تصویر لوئیز کو بھیجی جسے دیکھ کر وہ دنگ رہ گئی اور تصویر اپنے بیٹے کو بھی دکھائی۔
برطانوی خاتون کے 5 سالہ بیٹے آسٹن نے تصویر دیکھ کر حیرانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ تو میں ہوں، میں وہاں کیا کررہا ہوں’ بعد میں اسے احساس ہوا کہ تصویر میں نظر آنے والا بچہ وہ نہیں بلکہ مجسمہ ہے۔
برطانوی خاتون نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے بچے کے ہمراہ مذکورہ اسٹور کا دورہ کرے گی تاکہ اپنے بیٹے کے ہمشکل مجسمے کو حقیقت میں دیکھ سکے۔
حیقیقت میں مجسمہ دیکھ کر لوئیز نے کہا کہ ‘سچ میں، میں اس پر یقین نہیں کرسکتی، بچوں کو والدین سے زیادہ کوئی نہیں جانتا ہے’۔
لوئیز نے کہا کہ ‘آسکٹن اور مجسمے کے چہرے کی خصوصیات ایک جیسی تھیں، آسٹن جس طرح سے کھڑا ہوتا ہے اسی طرح مجسمہ بھی کھڑا اور پیر رکھنے کا انداز بھی وہی تھا اور یہاں تک کہ بالوں کا انداز بھی آسٹن کے بالوں مماثل تھا، یہ ناقابل یقین ہے’۔