لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف جنگ میں سربلند رہنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عمران خان کے دور میں بدعنوانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ بیان میں پنجاب کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کرپشن کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر کا کڑا احتساب چاہتے ہیں، لوگ چاہتے ہیں ملک لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے، کرپٹ عناصر نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، عوام چوروں کا چہرہ پہچان چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو لوٹنے والے انجام سے نہیں بچ سکیں گے، پی ٹی آئی کی کرپشن کے خلاف جدوجہد نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے، ماضی کی حکومتوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عمران خان کے دور میں کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کرپشن کے خلاف جنگ میں سربلند رہنے پر عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام کرپشن کرنے والوں کے ساتھ نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ دیانتدار قیادت ہی ملک کو مسائل سے نکالے گی، نئے پاکستان میں شفافیت کے مینارقائم ہوں گے، پوری قوم موجودہ حکومت پر بھروسہ کرتی ہے۔