لاہور : ایف آئی اے نے سٹہ مافیا کے ٹاپ ٹین افراد کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، جس میں ملزمان کو 30 روز کے اندر منی لانڈرنگ میں ملوث نہ ہونے کا ثبوت دینے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق شوگر اسکینڈل کی تحقیقات میں مزید تیزی آگئی اور ایف آئی اے لاہور نے سٹہ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کردیا، ذرائع نے بتایا ہے سٹہ مافیا کےٹاپ ٹین افراد کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے لاہور کے اسد پرویز بٹ اور شیخ ساجد، حاصل پور کے ندیم اشرف، فیصل آباد کے محمود علی،علی بھلی،آصف اقبال پراچہ، منظور شہزاد اور ملتان کے محمد راشد کو نوٹس دئیے گئے۔
شوکازنوٹس منی لانڈرنگ ایکٹ کی شق نائن کے تحت جاری کئے گئے ہیں، جس میں ایف آئی اے نے شوگرمافیاکوچینی کابحران پیداکرنے،ناجائزمنافع کے الزام میں طلب کرتے ہوئے پراپرٹی، بینک، گاڑیوں اور متعلقہ دستاویزی ریکارڈ مانگا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو 30 روز کے اندر منی لانڈرنگ میں ملوث نہ ہونے کا ثبوت دینا ہوگا،ثبوت نہ دینے والے ملزمان کی تمام جائیداد ضبط کرلی جائے گی۔