کراچی : دسویں جماعت کے ہونے والے امتحانات میں ایک بار پھر بدنظمی سامنے آئی ہے، سرجانی ٹاؤن میں قائم امتحانی مرکز پر تین گھنٹے بعد بھی امتحانی عمل شروع نہ ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے کسی بھی امتحانی مرکز پر میٹرک کا صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہونے والا پیپر دن 12بجے تک شروع ہی نہ ہوسکا۔
میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی کا تازہ واقعہ رپورٹ ہوا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز کے اندر طلبہ اور باہر موجود ان کے والدین انتہائی پریشانی کے عالم میں رہے جس کے بعد طلبہ اور والدین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔
امتحانی مراکز کے باہر موجود والدین کا مطالبہ تھا کہ بچوں کو بغیر امتحان لیے واپس باہر بھیجا جائے، جس پر اسکول انتظامیہ نے کہا کہ بچوں کو امتحانی کاپیز دی جاچکی ہیں بغیر امتحان لئے باہر نہیں بھیج سکتے۔
واضح رہے کہ آج امتحانات کے پہلے روز فزکس کا پیپر شروع ہوجانے کے 4 منٹ بعد فوٹو کاپی کی دکانوں پر تو پہنچ گیا تھا مگر کچھ امتحانی مراکز میں تاخیر سے پہنچا اور کچھ مراکز کی انتظامیہ تاحال پرچہ آنے کے انتظار میں ہے۔