لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر عمر اکمل کی مداحوں کے ساتھ جھگڑے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو افراد کو عمر اکمل کے گھر کے سامنے پہنچ کر غل غپاڑہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس کو دونوں مداحوں کو گرفتار کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
سابق وکٹ کیپر کی شکایت پر پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر دونوں افراد کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک برطانوی شہری بھی تھا۔ پولیس نے عمر اکمل کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، جس میں ہنگامے اور بلوے کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
عمر اکمل نے موقف اختیار کیا کہ تین مسلح افراد نے انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں دیں، شیخ علی اپنے ساتھیوں کے ساتھ گھر میں داخل ہوا اور گھر والوں پر تشدد بھی کیا۔
قومی کرکٹر کے مطابق مذکورہ افراد شراب کے نشے میں دھت تھے۔ عمر اکمل نے ایف آئی آر میں ملزمان کی گاڑی کا نمبر بھی درج کرایا ہے۔