لاہور : ماڈل نایاب کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ، جس میں نایاب کو گلا دبا کر قتل کرنے کی تصدیق ہوگئی ہے تاہم مقتولہ سے زیادتی سے متعلق فرانزک رپورٹ میں واضح ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل نایاب کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی، ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نایاب کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ، مقتولہ کی گردن پرزخم کےنشان بھی پائے گئے ہیں۔
مقتولہ سے زیادتی سے متعلق فرانزک رپورٹ میں واضح ہوگا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ نایاب کےموبائل فون سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، ڈکیتی مزاحمت سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
گذشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور کے پوش علاقے میں خاتون کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا تھا ، پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ ڈیفنس فیز فائیو میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔
خاتون کی شناخت نایاب کے نام سے ہوئی تھی اور بتایا جارہا ہے کہ مقتولہ کا تعلق شوبز سے تھا جو کہ چند عرصے قبل شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرچکی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جس گھر میں واردات رونما ہوئی، نایاب اس گھر میں اکیلی رہتی تھی یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ نایاب کے دو سوتیلے بھائی بھی ہیں، پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا تھا۔