اسلام آباد : پاکستان میں ایک دن میں 34 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا کا شکار ہوگئے جبکہ تاحال 164 ہیلتھ ورکرز کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا پھر زور پکڑنے لگا، ملک میں 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 34 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر ہوئے ، جس کے بعد کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 16ہزار788ہوگئی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں متاثرہ ہونے والوں میں 21 ڈاکٹر، 3 نرسز، 10اسپتال ملازمین شامل ہیں جبکہ ملک میں تاحال 164 ہیلتھ ورکرز کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 367 ہیلتھ ورکرز گھر اور 22 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ ملک میں16ہزار235ہیلتھ ورکرز کوروناسےصحت یاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کورونا سے متاثرہ اور جاں بحق بیشتر ہیلتھ ورکرز کا تعلق سندھ سے ہے،سندھ میں 5907 ہیلتھ ورکرز متاثر اور 57 جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 3489 ہیلتھ ورکرز متاثر 29 جاں بحق، کے پی میں 3982 ہیلتھ ورکرز متاثر ، 44 جانبحق اور بلوچستان میں 847 ہیلتھ ورکرز متاثر اور 9 جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں 1532 ہیلتھ ورکرز ، گلگت بلتستان میں266 ہیلتھ ورکرز اور آزادکشمیر میں 765 ہیلتھ ورکرز متاثر ہوئے۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرزوں میں 13 کا تعلق اسلام آباد سے ، 3 کا گلگت بلتستان سے اور 9 کا تعلق آزاد کشمیر سے ہیں۔