ریاض: چھٹی صدی قبل مسیح کے وسط میں سلطنت بابل سے تعلق رکھنے والے تاریخی چٹانوں کے نقوش سعودی عرب میں دریافت ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ تاریخی دریافت سعودی شہر حائل میں ہوئی۔ وزیرثقافت شہزادہ بندر بن فرحال ان تاریخی چٹانوں کو بابل کے فرمانروا نابونید سے منسوب کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بابل کے حکمراں نابونید کے دور کے ہیں، قدیم دور کا ہماری سرزمین سے رابطہ رہا ہے۔
تعلن #هيئة_التراث عن اكتشاف شواهد أثرية للملك البابلي نابونيد في حائل. pic.twitter.com/HTwW5M9Tlo
— هيئة التراث (@MOCHeritage) July 13, 2021
ادھر سعودی محکمہ آثار قدیمہ نے کہا کہ شمالی مملکت کے علاقے حائل کی کمشنری الحائط میں چھٹی صدی قبل مسیح کے وسط میں بابل کے فرمانروا نابونید سے متعلق چٹانوں پر نقوش ملے ہیں۔
محکمہ کا کہنا تھا کہ یہ دریافت اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ جزیرہ عرب نے قدیم مشرق قریب کے بیشتر تمدنوں کے بنانے سنوارنے میں تاریخی کردار ادا کیا اور ان سے رابطے رکھے۔
ماہرین نے بتایا کہ چٹان پر ایک نقش دریافت ہوا ہے جس میں بابل کے فرمانروا نابونید اپنے ہاتھ میں ہنٹر لیے کھڑے ہیں اور ان کے سامنے متعدد مذہبی علامتیں نظر آرہی ہیں، چٹانوں پر سطروں پر مشتمل متن بھی لکھا ہوا ہے۔
متعلقہ ادارے علامات اور متن کے معنیٰ جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سعودی علاقے تیما اور حائط کے درمیان متعدد مقامات پر چٹانوں پر بابل دور کے نقوش اور سنگی لاٹ دریافت ہوئے تھے۔