لاہور : تفتیشی ٹیم نے ماڈل گرل نایاب قتل کیس میں سی سی فوٹیج میں دکھائی دینے والے مشتبہ شخص عمیر کو حراست میں لے لیا ، فرانزک رپورٹس کی روشنی میں حتمی قاتل کا تعین ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ماڈل گرل نایاب قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ، تفتیشی ٹیم نے کلوزسرکٹ فوٹیج میں دکھائی دینے والے مشتبہ شخص کا سراغ لگا کر لاہور کے نواحی علاقے سے حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق عمیر سے وقوعہ کے روز ڈیفنس میں موجودگی کےحوالے سے تفتیش جاری ہے، عمیر کو حتمی قاتل قرار نہیں دیا جاسکتا تاہم فرانزک رپورٹس کی روشنی میں حتمی قاتل کا تعین ہوگا۔
یاد رہے ماڈل نایاب کے مبینہ قاتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی ، فوٹیج میں نظرآنے والامشکوک شخص نایاب کا قاتل ہوسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ 30 سے 35 سالہ مشتبہ ملزم نے پاجامہ پہن رکھا تھا، مشکوک شخص نایاب کےقتل کےبعد 5بج کر 26 منٹ پر جاتا دکھائی دیا۔
پولیس نے نایاب سے رابطے میں رہنے والے دس افراد کو شامل تفتیش کیا تھا ، ایس ایس پی منصورامان کا کہنا تھا کہ پولیس نے شامل تفتیش افراد کے بیانات قلمبند کرلیے، شامل تفتیش افراد کا تعین نایاب کے موبائل ڈیٹا سے کیا گیا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ نایاب کے گھر کی عقبی کھڑکی کی جالی ٹوٹی ہوئی ملی ، کھڑکی کے قریب انسانی ہاتھوں کے نشانات فرانزک کیلئے بھجوا دیے ، شبہ ہے قاتل نے فرار کے لیے کھڑکی کا راستہ استعمال کیا۔
منصورامان کا کہنا تھا کہ نایاب کےگھرکی الماریوں میں چیزیں بکھری ہوئی ملیں، نایاب کے سوتیلےبھائی کوپہلے ہی شامل تفتیش کیاجاچکاہے، گھر سے نایاب کی برہنہ حالت میں تشدد زدہ لاش ملی تھی۔