کراچی : سندھ کابینہ نے مرتضیٰ وہاب کوایڈمنسٹریٹرکراچی تعینات کرنےکی منظوری دے دی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹرکراچی لگایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سید مرادعلی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا، مشیر، چیف سیکریٹری،متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں سندھ کابینہ نے مرتضیٰ وہاب کوایڈمنسٹریٹرکراچی تعینات کرنےکی منظوری دے دی۔
یاد رہے رواں ماہ سندھ حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا ،ذرائع کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹرکراچی لگایا جائے گا۔
بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کو کراچی کی رونقیں بحال کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے اور کے ایم سی کا تباہ حال نظام درست کی ہدایت دے دی گئی ہیں۔
بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی جانب سے بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کی بطور یڈمنسٹریٹرکراچی تعیناتی پر تحفطات کا اظہار کیا تھا، ایم کیو ایم) پاکستان نے صوبائی حکومت کی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر بنانے کی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے آخری حد تک جانے کا اعلان کیا تھا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مرتضیٰ وہاب کی ممکنہ تقرری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مرتضی وہاب ایک سیاسی شخصیت ہے بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی سے کراچی ٹرانفارمیشن پلان متاثر ہوسکتا ہے، یہ تعیناتی سندھ حکومت کی بدنیتی کا آئینہ دار ہے