مسقط: خلیجی ملک عمان نے کورونا صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں 24 جولائی تک توسیع کردی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلطنت عمان میں نافذ مکمل لاک ڈاؤن میں 24 جولائی تک توسیع کر دی گئی جس کے تحت دن کے اوقات میں تمام کاروباری سرگرمیاں، لوگوں اور گاڑیوں کی آمدو رفت پر مکمل پابندی ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کا سلسلہ عید تعطیلات کے دوران بھی رہے گا۔
لاک ڈاؤن میں توسیع سے قبل سپریم کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ عمان میں عید کی نماز، عید سے قبل روایتی بازار اور دیگر اجتماعات پر پابندی ہوگی۔
کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا تھا کہ عید کے اجتماعات، عید کی مبارکباد دینے کے لیے ایک جگہ اکھٹے ہونے اور اجتماعی طور پر عید منانے پر پابندی ہوگی تاہم اب باقاعدہ لاک ڈاؤن میں ہی توسیع کردی گئی جس کے تحت مذکورہ بالا امور پر بھی پابندیاں رہیں گی، شہریوں کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے۔
عمانی حکام کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں کاروباری اداروں کی بندش، گاڑیوں اور رہائشیوں کے گھومنے پر پابندی ہوگی تاہم عید کے موقع پر نرمی متوقع ہے۔
سلطنت میں شام 5 بجے سے اگلے دن صبح 4 بجے تک کاروبار پر پابندی رہے گی۔