وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا اور میڈیا میں چلنے والی لڑکی کی تصاویر جعلی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں وزیرداخلہ نے بتایا کہ افغان سفیرکی بیٹی اپنی مرضی سےراولپنڈی گئی اور دامن کوہ سےلڑکی نے انٹرنیٹ بھی استعمال کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا پر چلنے والی تصاویر اس لڑکی کی نہیں جعلی ہیں یہ عالمی سازش اور ”را” کا ایجنڈا ہے اس کیس کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور کڑیوں سے کڑیاں ملا رہے ہیں جلد ہی گتھی سلجھ جائے گی۔
اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا اور تشدد میں ملوث ملزمان کو جلد گرفت میں لائیں گے اور بہتر گھنٹوں میں کیس حل کرلیں گے۔
شیخ رشید نے بتایا کہ ہمارے پاس سیف سٹی کیمروں کا ریکارڈ ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی گھر سے پیدل نکلی اور اسلام آباد کی کھڈا مارکیٹ تک ٹیکسی پر آئی، اور وہاں سے اس نے ایک اور ٹیکسی لی۔
فوٹیج کے مطابق وہ راولپنڈی گئی، راولپنڈی جانے کے بعد وہاں سے دامن کوہ پہنچی، واقعے کے بعد لڑکی پہلے نجی اسپتال گئی اور اس کے بعد پمز گئی، اس کا کھڈا مارکیٹ سے پنڈی جانا ویڈیومیں موجود ہے لیکن راولپنڈی سے دامن کوہ پہنچنے کا علم نہیں ہورہا، جس کی تحقیقات کی جارہی ہے، ہمارے پاس تینوں ٹیکسی ڈرائیوروں کے انٹرویو موجود ہیں، جیسے جیسے تحقیقات ہورہی ہیں کڑیاں مل رہی ہیں۔