اشتہار

فلم، ٹیلی ویژن اور اسٹیج ڈراموں کے مشہور مزاحیہ اداکار ملک انوکھا کی برسی

اشتہار

حیرت انگیز

آج پاکستانی فلم، ٹی وی اور اسٹیج ڈراموں کے مشہور اداکار ملک انوکھا کی برسی منائی جارہی ہے۔ وہ 26 جولائی 2008ء کو حرکتِ قلب بند ہوجانے کے سبب وفات پاگئے تھے۔ ملک انوکھا کا فنی کیریئر 40 سال پر محیط ہے جس میں انھوں نے زیادہ تر مزاحیہ کردار ادا کیے۔

وہ 1960ء سے 1970ء کی دہائی تک فلم اور ڈراموں میں مختلف کرداروں میں رنگ بھرتے نظر آئے اور ناظرین نے ان کی اداکاری کو پسند کیا۔ ملک انوکھا نے سندھی زبان میں‌ بننے والی کئی فلموں میں اداکاری کی اور شائقین سے داد وصول کی۔ بعد میں وہ لاہور چلے گئے جہاں فلمی صنعت اور ڈراموں کے لیے کام کیا اور 1980ء میں کراچی آگئے جہاں انھیں ٹی وی اور اسٹیج ڈراموں میں کام کرنے کا موقع ملتا رہا۔

انھوں نے اپنے وقت کے مشہور اور کام یاب ترین ڈراموں برزخ، کشکول، منڈی، امر بیل، فن کار گلی میں کام کیا تھا۔

- Advertisement -

ملک انوکھا کا تعلق اندرونِ سندھ کے شہر میر پور خاص سے تھا۔ وہ اردو، پنجابی اور سندھی زبان پر عبور رکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان تینوں زبانوں میں بننے والی فلموں اور ڈراموں میں انھیں کردار سونپے گئے جنھیں اپنی فن کارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے ملک انوکھا نے نہایت خوبی سے ادا کیا اور شہرت حاصل کی۔

1970ء کی دہائی میں پی ٹی وی کا ڈرامہ ’دبئی چلو‘ ان کی وجہِ شہرت بنا۔ مزاحیہ سندھی ڈرامہ ہل پنھل ہل میں ان کے مخصوص انداز میں لوگوں نے ڈائیلاگ ’ہل پنھل‘ سنا تو عرصے تک اس سے محظوظ ہوتے رہے اور یہ ڈائیلاگ شائقین کی زبان پر رہا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں