اسلام آباد : کورونا وائرس کا شکار ہونے والی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو عدالت نے بڑی چھوٹ دے دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمے میں پیشی سے معذرت کی درخواست منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف ن لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
اس موقع پر مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل امجد پرویز نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی مؤکلہ کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جس کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی، اس موقع پر نیب کی جانب سے عثمان غنی چیمہ اور سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
معاون وکیل کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے اس لیے وہ پیش نہیں ہوسکتیں۔، عدالت نے کیس کی سماعت 4 اگست تک کے لئے ملتوی کردی۔