کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زداری نے کارکنان کو عام انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے کارکنان اور رہنماؤں سے اجلاس کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کسی بھی وقت عام انتخابات ہوسکتےہیں، ہمیں اپنی تیاری شروع کرنی چاہیے، آئندہ وفاق میں حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی‘۔
انہوں نے کراچی کی تباہ حالی کا ذمہ داری تحریک انصاف کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے یہاں سے تحریک انصاف کو بھگانا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ آج ملاقات ہوئی، جس میں کراچی کی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں شہر کی گندگی، پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل سامنے آئے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’ کراچی کو بچانے کے لیے پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے، شہر سے ایم کیو ایم کے دہشت گرد ختم ہوئے تو پی ٹی آئی نے اُن کی جگہ لے لی ، پی ٹی آئی کی شکل میں ایک نئی ایم کیو ایم آگئی مگر ہم اُسے بھی شکست دیں گے، پیپلزپارٹی کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کرائے گی‘۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھنا ہوگا کیونکہ ہمیں بڑی قوتوں سے مقابلہ کرنا ہے، کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے کیونکہ آج تک اسے حل کرنے کی کوشش نہیں کی گئی، عمران خان نے پانی کے پلانٹ لگانے کا وعدہ کیا مگر وہ پورا نہ ہوا، وفاق سندھ کے حصے کا پانی روک کر ناانصافی کررہا ہے‘۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’ہم تنظیم کی سطح پرپانی کی چوری کی روک تھام کو یقینی بنائیں گے، ہم کراچی کے پانی پربہت محنت کریں گے تاکہ شہریوں کو اُن کے گھروں پر پانی دستیاب ہو، سندھ سالڈویسٹ بورڈ کراچی کےکچرے پرکام کررہی ہے، اس سال کے اختتام تک کراچی کی سڑکوں پربسیں آجائیں گی‘۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’یوسف بلوچ اور قادر مندو خیل نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو شکست دی، کراچی کے لوگوں کو اب حکومت کے خلاف کھڑا ہو کر گھر بھیجنے میں کردار ادا کرنا ہوگا، ہمارامشن ہےکراچی سےکشمیر تک حکومت کوٹف ٹائم دیں‘۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ وفاق میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی، پی پی کے پاس ہی پاکستان کو چلانے کا حل موجود ہے، موجودہ دورحکومت میں بدترین دھاندلی ہوئی مگر اب پیپلزپارٹی کی فتح کاوقت شروع ہوچکا ہے کیونکہ پاکستان کے عوام نے ہمار بھرپور ساتھ دیا‘۔
کشمیر الیکشن کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ ’ آزادکشمیرمیں حکومتی جماعت اقتدارحاصل کرتی ہے، آزادکشمیرمیں کھلےعام دھاندلی ہوئی جسے سب نے دیکھا، آزادکشمیرمیں وفاقی وزیر پیسے تقسیم کر رہے تھے، پیپلزپارٹی کےجیالے پہاڑوں میں جدوجہدکررہے ہیں، جس کی وجہ سے کشمیر میں پی پی پی دوسری بڑی پارٹی کی صورت میں سامنے آئی ہے‘۔