مانچسٹر سے آسلام آباد پہنچنے والا مسافر کھوئی ہوئی رقم واپس ملنے پر خوشی سے نہال ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کے عملے نے فرض شناسی کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے مسافر کو اس کی کھوئی ہوئی رقم پہنچا دی۔
مسافرپی کے9702 کے ذریعے مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچا تھا۔ عملے نے جہاز میں دیکھا سیٹ کے نیچے پرس پڑا ہوا ہے۔ پرس میں 50ہزار روپے اور دیگر ضروری کاغذات موجود تھے۔
پی آئی اے عملے نے مسافر کو تلاش کرکے رقم اس کے حوالے کردی۔ مسافر نے عملے کی ذمہ داری کو سراہتے ہوئے پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 20 جولائی کو بھی کراچی سے اسلام آباد پہنچنے والے ایک مسافر کا گمشدہ سامان اسے واپس ملا تھا۔ مسافر کے پرس میں 9ہزار سے زائدکینیڈین ڈالر اور قیمتی دستاویز موجود تھے۔ مسافر قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کی پرواز پی کے308کے ذریعے اسلام آباد پہنچا تھا۔
خیال رہے کہ فرض شناسی کی اس طرح مثالیں ماضی میں بھی کئی دیکھی جا چکی ہیں۔