ریاض: سعودی حکومت کی جانب سے دی گئی ویکسینیشن کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، اب ویکسین نہ لگوانے والوں کو شاپنگ مالز، مارکیٹس اور پبلک مقامات میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں ڈیڈ لائن دی گئی تھی کہ شہری 31 جولائی سے قبل کورونا ویکسین لگوالیں بصورت دیگر انہیں مذکورہ بالا مقامات میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا تاہم اب ڈیڈ لائن ختم ہوگئی اور پابندی کا اطلاق یکم اگست سے ہوگیا ہے، شاپنگ مالز، پبلک مقامات یا مارکیٹس جانا ہے تو ویکسین لگوائیں۔
سعودی عرب میں ویکسین نہ لگوانے والوں کو مذکورہ مقامات میں داخل ہونے نہیں دیا جارہا ہے۔
ادھر سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین کا کہنا ہے کہ اتوار یکم اگست سے توکلنا ایپ پر’ویکسینیڈڈ‘ کے اسٹیٹس کے حامل افراد ہی مارکیٹوں میں داخل ہو سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ وزیر صحت کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے جس اس پرعمل درآمد کے لیے یکم اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، اب ویکسین لگوانے والے ہی شاپنگ مالز، ریستوران، کیفٹریا اور دیگر تجارتی اداروں میں داخل ہوں گے، متعلقہ اداروں کو پابندی سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری اور نجی اداروں کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ قانون پر سختی سے عمل درآمد کرانے کو یقینی بنائیں ورنہ ایکشن لیا جائے گا۔