کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ازیکا ڈینیئل کا کہنا ہے کہ لوگ جھوٹ بول کر ادھار پیسے لے لیتے ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’ڈنک‘ میں منال نامی لڑکی کا کردار نبھانے والی اداکارہ ازیکا ڈینیئل نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری زندگی ادھار پر چل رہی ہے، ہر دوسرے دن کوئی نہ کوئی ادھار مانگ لیتا ہے اور میں پیسے ادھار دے کر بھول جاتی ہیں، اب تک لاکھوں روپے بطور ادھار دے چکی ہوں۔
ازیکا نے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پراجیکٹ ہیڈ نے میرے گھر کے باہر کھڑے ہوکر فون کیا اور کہا کہ بچے کے دل کا آپریشن ہے تو مجھے ادھار دے دیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے ہمدردی میں پیسے دے دیے بعد میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پروڈکشن ہاؤس سے کام چھوڑ کے ہنی مون منانے پاکستان کے شمالی علاقہ جات پہنچے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ ازیکا ڈینیئل اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’ڈنک‘ میں حیدر (بلال عباس) کی اہلیہ منال کا کردار ادا کررہی ہیں۔
مداحوں کی جانب سے بھی ان کی اداکاری کو خوب سراہا جارہا ہے، ڈرامہ سیریل ’ڈنک‘ اختتام کی جانب گامزن ہے ڈرامے کی آخری قسط ہفتہ 7 اگست کو رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔