کراچی: دبئی جانے والے مسافروں کی سہولت کے لیے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر بڑی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ایئر پورٹ انتظامیہ نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مسافروں کے لیے ایئر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی۔
نجی لیبارٹری کی جانب سے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر کاؤنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے، ایئر پورٹ منیجر کے مطابق سیالکوٹ ایئر پورٹ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت والا پہلا پاکستانی ایئر پورٹ بن گیا ہے۔
ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کو پرواز سے 5 گھنٹے قبل ایئر پورٹ آنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، ایئر پورٹ منیجر نثار احمد کا کہنا تھا کہ ریائشی ویزے، کرونا ویکسین سرٹیفیکیٹ اور کیو آر کوڈ کے حامل پاکستانی سیالکوٹ سے دبئی کا سفر کر سکیں گے۔
یہ سہولت آج رات سے میسر ہوگی، ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کے بعد فلائی دبئی، ایئر عربیہ کی دبئی اور شارجہ کے لیے مسافروں کی بکنگ شروع ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق 10 اگست کو فلائی دبئی اور 11 اگست کو ایمریٹس کی پروازیں سیالکوٹ سے مسافروں کو دبئی لے کر روانہ ہوں گی، دبئی کے لیے لازمی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی فیس 6 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی۔