کراچی: کراچی سے شاہ نورانی مزار جانے والی گاڑیوں کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہ نورانی جانیوالی گاڑیاں حسن پیر کےمقام پرآپس میں ٹکراگئیں، حادثے میں پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ سات شدید زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں، فوری طور جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
دلخراش حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں وزخمیوں کو سول اسپتال حب منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ شاہ نورانی مزار جانے والی سڑک تنگ ہونے کے باعث آئے روز یہاں حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، جس کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔