لاہور: مینار پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر کو ہراساں کرنے کے واقعے میں ملوث 400 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور گریٹر اقبال پارک میں 14 اگست کے روز ویڈیو بنانے آنے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرام کو ہجوم نے ہراساں کیا تھا، واقعے میں ملوث 400 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون نے درخواست میں موقف اپنایا کہ ان پر تشدد کیا گیا، موبائل فون اور نقدی بھی چھین لی گئی۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے نوٹس لیا اور سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ 400 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ فوٹیج اور دیگر شواہد کو سامنے رکھتے ہوئے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے، جلد ہی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔