راولپنڈی / لاہور : پنجاب میں خواتین سے زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا، لاہور میں رکشہ ڈرائیور نے مسافر خاتون کے ساتھ جبکہ راولپنڈی میں مدرسے کی طالبہ سے زیادتی اور تشدد کا واقعہ پٌیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں رنگ روڈ زیادتی کیس کی طرز کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، رکشہ ڈرائیور نے مسافر خاتون کے ساتھ اس کی بیٹی کے سامنے مبینہ زیادتی کی۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ وہاڑی کی رہائشی خاتون ٹھوکر نیاز بیگ اسٹاپ پر مسافر گاڑی سے اپنی بیٹی کے ساتھ اتری۔ مذکورہ خاتون نے صدر کینٹ جانے کے لئے رکشہ روکا، رکشہ ڈرائیور خاتون اور اس کی بیٹی کو گھما پھرا کر بہانے سے ایل ڈی اے ایوینیو لے گیا۔
رکشہ ڈرائیور نے رات کی تاریکی میں خاتون سے زیادتی کی، تحقیقاتی ٹیمیں موقع سے شواہد جمع کر رہی ہیں، خاتون کو میڈیکل ٹیسٹ کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
لاہور میں رکشہ سوار خاتون کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ کے حوالے سے معاون خصوصی شہبازگل نے بتایا ہے کہ بدتمیزی کی ویڈیو بنانے والے ملزم کو پولیس نےتحویل میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس نے ملزم سے تفتیش شروع کردی ہے، جلد بدتمیزی کرنے والے مجرم کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں مدرسے کی طالبہ سے زیادتی اور تشدد کا واقعہ پیش آیا، واردات کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے ملزم کی تلاش میں راولپنڈی سمیت چکری، حسن ابدال اورمانسہرہ میں چھاپے مارے ہیں۔ ملزم کے بھائی اور دیگرافراد کو تحویل میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق مدرسہ کے نائب امیر، منتظم اور دیگرکو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے، ڈی ایس پی سٹی نے طالبہ سے ملاقات کی اور ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔