ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

ملزمان قبر کھود کر اندر گھسنے کی کوشش کے دوران گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

چنیوٹ: پنجاب کے شہر چنیوٹ میں ملزمان قبر کھود کر اندر گھسنے کی کوشش کے دوران گرفتار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق چنیوٹ شہر اور گرد و نواح میں ایک جعلی پیر سرگرم ہو گیا ہے، جس کے کہنے پر تعویذ گنڈوں کے لیے قبروں کی بے حرمتی کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تعویذ گنڈوں کے لیے قبروں کی بے حرمتی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان قبر میں گھسنے کی کوشش کے دوران پکڑے گئے۔

پولیس کے مطابق جعلی پیر اجمل کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق جعلی پیر اجمل کے کہنے پر اس کے مرید تعویذ گنڈوں کے لیے قبریں کھود کر بے حرمتی کرتے ہیں، جب کہ جعلی پیر سادہ لوح لوگوں سے اس طرح رقم ہتھیا کر کاروبار چلا رہا ہے۔

قبروں کی بے حرمتی کے سلسلے میں درج ایف آئی آر کے مطابق مدعی کا کہنا تھا کہ وہ دادی بھاؤ قبرستان میں اپنے والد کی قبر فاتحہ خوانی کے لیے گئے تھے، انھوں نے دیکھا کہ دو ملزمان نے ان کے والد کی قبر کھودی ہوئی تھی، ملزمان نے انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

پولیس کے مطابق جعلی پیر کے چیلے تعویز گنڈے کے لیے قبریں کھود کر اندر داخل ہو جاتے تھے، تاہم اہل علاقہ نے ملزمان حامد اور اسد کو قبر کھود کر داخل ہوتے پکڑا اور پولیس کے حوالے کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں