لا ہور: چوہنگ میں ماں بیٹی سے زیادتی کی میڈیکل رپورٹ میں تصدیق ہوگئی جبکہ ملزمان کے ڈی این اے سیمپل فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں رکشہ ڈرائیور اوراسکے ساتھی کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بننے والی ماں اور بیٹی کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ ملزمان کے ڈی این اے سیمپل فرانزک لیب بھجوادیئے ہیں۔
دوسری جانب چوہنگ میں رکشہ ڈرائیور اوراسکے ساتھی کی ماں بیٹی سے زیادتی کیس میں پولیس نے ملزمان کو ریمانڈ کے لیے اےٹی سی میں پیش کیا ، عمر اور منصب نامی ملزمان کوچہرہ ڈھانپ کرعدالت میں پیش کیاگیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دونوں ملزمان کو شناخت پریڈ پر7روز کےلئے جیل بھیج دیا۔
یاد رہے گذشتہ روز لاہور میں رنگ روڈ زیادتی کیس کی طرز کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا ، جہاں رکشہ ڈرائیور نے مسافر خاتون کیساتھ اسکی بیٹی کے سامنے مبینہ زیادتی کی ، پولیس کا کہنا تھا کہ وہاڑی کی رہائشی خاتون ٹھوکر نیاز بیگ پر مسافر گاڑی سے اتری اور صدر کینٹ جانے کے لئے رکشہ بک کروایا تاہم رکشہ ڈرائیور خاتون اور اسکی بیٹی کو گھما پھرا کرایل ڈی اےایوینیولے گیا۔
بعد ازاں تھانہ چوہنگ میں وہاڑی کی رہائشی خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی تھانہ چوہنگ کی حدودمیں ماں بیٹی سےمبینہ زیادتی کانوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی گرفتاری کاحکم دیا تھا۔
پولیس نے چوہنگ میں ماں بیٹی سے زیادتی کے واقعے میں ملوث رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا ، دونوں ملزمان ریکاڈ یافتہ ہیں اور انکے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔