لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مبینہ طور پر زیادتی کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران دو لڑکیوں، خاتون ، بچے اور بچی سے زیادتی کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق تھانہ جوہر ٹاؤن کی حدود میں 16 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھگت پورہ میں چار بچوں کی ماں سے مبینہ زیادتی کی گئی جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ادھر نواں کوٹ میں 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ شاہ دی کھوئی میں 10 سالہ بچے سے مبینہ بدفعلی کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔
لاہور میں ہی ایک اور 17 سالہ لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کے علاقے پیرو دھائی میں مدرسے کی طالبہ سے مبینہ زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: مدرسے کے استاد کی طالبہ سے مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار
متاثرہ طالبہ کی والدہ نے ایف آئی آر میں بتایا تھا کہ مدرسے سے فون آیا آپ کی بچی بے ہوش ہوگئی ہے اسے لے جائیں، جس کے بعد بچی نے گھر پہنچ کر بتایا کہ مدرسے کے استاد شاہنواز نے اس کے ساتھ زبردستی کی ہے۔
بچی کی والدہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ بیٹی کے مطابق استاد نے متعدد بار اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمات کی میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔