سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کی مقامی عدالت نے سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصاویر وائرل کرنے والے شخص کو سزا سنادی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حیدر آباد کی مقامی عدالت نے سوشل میڈیا پر لڑکی کی تصاویر وائرل کرنے والے ملزم پر جرم ثابت ہونے کے بعد اُسے سزا سنا دی۔
تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں چالان پیش کیا گیا، جس کے بعد ملزم نے جج کے روبرو پیش ہوکر اپنے جرم کا بھی اعتراف کیا۔
عدالت نے ملزم کے اعتراف اور جرم ثابت ہونے والے بعد اُسے تین سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ ملزم ساتھ کام کرنے والی لڑکی کوبلیک میل کر رہا تھا، ملزم نے سوشل میڈیا کی 3جعلی آئی ڈیز بناکر تصاویر وائرل کیں تھیں۔
متاثرہ لڑکی نے تصاویر وائرل ہونے کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں قانونی چارہ جوئی کے لیے درخواست دائر کی، جس کے بعد ایف آئی اے نے تحقیقات کر کے ملزم کا سراغ لگایا اور اُس کا موبائل قبضے میں لیا۔ ملزم کے موبائل سے خاتون کی تصاویر اور تینوں آئی ڈیز کے شواہد بھی برآمد ہوئے تھے۔