دبئی : کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی، ٹیسٹ سیریز میں اٹھارہ وکٹیں لینے والے شاہین شاہ آفریدی کیریئر بیسٹ رینکنگ پر پہنچ گئے۔ شاہین شاہ آفریدی لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے بولرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آگئے۔
بابر اعظم ایک درجے بہتری کے بعد ساتویں اور فواد عالم اکیسویں نمبر پر براجمان ہیں۔ رینکنگ میں فاسٹ بولرحسن علی اور محمد عباس کی تنزلی ہوئی ہے۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق فواد عالم بھی چونتیس درجے ترقی کے بعد پچپن سے اکیس ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک درجے بہتری کے بعد ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔
اس کے علاوہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں اظہر علی، عابد علی حسن علی، محمد عباس اور فہیم اشرف کی رینکنگ میں تنزلی آئی ہے۔
واضح رہے کہ نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا دس وکٹیں لے کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ سیریز میں اٹھارہ وکٹیں لیں اور ریکارڈز بھی
بنائے۔
اکیس سالہ شاہین شاہ آفریدی نے چھوٹی عمر میں بڑے کارنامے دکھائے، شاہین نے پہلےٹیسٹ میں آٹھ دوسرے میں دس وکٹیں اڑائیں، اٹھارہ وکٹوں کے ساتھ وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی رہے۔
ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز شاہین آفریدی کیلئے ریکارڈ ساز ثابت ہوئی۔ دوٹیسٹ کی سیریز میں شاہین سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بولر بنے اس کے علاوہ اکیس سال کی عمر میں بطورپاکستانی زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینےوالے دوسرے بولر بھی بن گئے۔
انہوں نے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو بھی پیچھے چھوڑدیا، نوجوان فاسٹ بولرز اپنے کیریئر کے ابتدائی تین سالوں میں ہی161وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔