لاہور: چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے عہدے میں توسیع لینے سے معذرت کر لی ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس عہدے پر مزید کام نہیں کرسکتا۔
اس حوالےسے احسان مانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ کسی اور کو چیئرمین پی سی بی تعینات کردیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے احسان مانی کے فیصلے سے متعلق تصدیق کردی ہے۔ بورڈ کے نئے چیئرمین کی تقرری کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان چیئرمین کیلئے دو نام تجویز کیے ہیں، وزیراعظم کے بھیجے گئے ناموں پر بورڈ آف گورنرز حتمی فیصلہ کرے گا۔
وزیراعظم نے رمیز راجہ اور اسد علی خان کو پی سی بی بورڈ آف گورنرز کیلئے نامزد کردیا ہے، بورڈ آف گورنرز چند دن میں الیکشن کے ذریعے نئے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کرے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رمیز راجہ الیکشن میں نئے چیئرمین پی سی بی کے لیےمضبوط امیدوار ہوں گے۔