جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

بارشوں کا نیا سلسلہ، اگلے ایک ہفتے کے لیے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں کل شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کے پی کے میں کل شام سے بارشوں کے نئے سلسلے کا امکان ظاہر کیا ہے، پی ڈی ایم اے خیبر پختون خوا نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں پیشگی اقدامات کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے موسم کے پیش نظر سیاحوں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور موسمی صورت حال سے خود کو باخبر رکھیں۔

- Advertisement -

رپورٹ کے مطابق کل سے کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین نے تیز بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں گزشتہ کچھ دنوں سے سخت گرمی پڑ رہی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہیں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں