ریاض: سعودی عریبین ایئرلائنز(السعودیہ) نے اندرون ملک پروازوں کے لیے سیٹوں کی گنجائش میں اضافے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی کورونا ایس او پیز کے تحت پروازوں میں سیٹوں کے درمیان فاصلے کی پابندی عائد ہے۔ مسافر ایک سیٹ چھوڑ کر بیٹھتے ہیں جبکہ وبا کی سنگینی کا سامنا کرنے والے ملکوں کی ایئرلائنز نے تین مسافروں کی جگہ صرف ایک مسافر کو بیٹھنے کی اجازت دی۔
السعودیہ کا کہنا ہے کہ ستمبر سے مقامی پروازوں میں سیٹوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی، سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی(گاکا) نے اجازت دے دی ہے۔
ایئرلائن نے بتایا کہ بیٹھنے کی گنجائش 52 فیصد تک بڑھائیں گے، یعنی پروازوں میں اب کوئی سیٹ خالی نہیں رہے گی۔ خیال رہے کہ متعلقہ انتظامیہ پروازوں میں سیٹوں کی گنجائش اور دیگر امور سے متعلق نگرانی بھی کرے گی۔
علاوہ ازیں سعودی سول ایوی ایشن نے واضح کررکھا ہے کہ لوکل پروازوں کے لیے بھی اب کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں شرط ہیں، اس پابندی کا اطلاق یکم سمتبر سے ہوگا۔
گاکا اندرون ملک پروازوں میں بیٹھنے کی گنجائش میں اضافے کی خود بھی تصدیق کرچکا ہے۔