کراچی: شہرقائد سے تعلق رکھنے والا لڑکا محمد جنید بھی ان ہزاروں خوش نصیب نوجوانوں میں شامل ہوگیا جو حکومت کے کامیاب جوان پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔
کراچی کا نوجوان محمد جنید حکومت کے خصوصی پروگرام کے ذریعے 15سے20دن میں 70ہزار روپے تک ماہانہ کما رہا ہے۔ حکومت کی نوجوانوں کو بااختیار روزگار فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
محمد جنید کا کہنا ہے کہ وہ پہلے کرائے کی آن لائن ٹیکسی چلاتا تھا، وہ ایک طرح سے میری نوکری تھی لیکن کامیاب جوان پروگرام کے تحت میں نے اپنی گاڑی حاصل کی ہے، اب تقریباً ماہانہ 60 سے 70 ہزار کمائی ہوجاتی ہے، مجھ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں، اپنی مرضی سے گاڑی چلا کر پیسے کماتا ہوں۔
سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کراچی کا نوجوان ماہانہ 70 ہزار روپے تک کمانے کے قابل ہوا، ہزاروں نوجوان اپنے روزگار کا خواب پورا کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس مثالی تعاون سے ہر نوجوان فائدہ اٹھا سکتا ہے، آج ہی کاروبار کی منصوبہ بندی کرکے قرض کے لیے بینک میں درخواست دیں، قرض کی تقسیم کے اپنے طے شدہ ہدف کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، آئندہ چند دنوں میں مکمل رپورٹ عوام کےسامنے پیش کروں گا۔
خیال رہے کہ قرضوں کی تقسیم تیز کردی گئی ہے جس سے روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔ روزگارحاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد30ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
وفاقی حکومت نے تازہ ترین اعداد وشمار آئندہ چند روز میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعےاب تک 25ارب روپے کا قرض منظور کیا جاچکا ہے۔