اشتہار

روس کی طرف منہ کر کے پیشاب کرنے پر بھاری جرمانہ

اشتہار

حیرت انگیز

اوسلو: آپ یہ جان کر حیران ہو جائیں گے کہ کسی ملک کی طرف رخ کر کے پیشاب کرنے پر بھی ممانعت ہو سکتی ہے، لیکن یہ سچ ہے کہ ناروے میں روس کی طرف منہ کر کے پیشاب کرنے پر جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔

ناروے کی شمال مشرقی سرحد روس کے ساتھ ملتی ہے، جہاں ایک معروف سیاحتی مقام پر ایک انوکھا سائن بورڈ لگایا گیا ہے، جس پر لکھا ہے ’روس کی طرف رخ کر کے پیشاب نہ کریں۔‘

اس بورڈ پر یہ الفاظ انگریزی زبان میں لکھے گئے ہیں اور ساتھ ہی خبردار کیا گیا ہے کہ ایسی کسی حرکت پر آپ پر بھاری جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔

- Advertisement -

یہ بورڈ دریائے یاکوبسلیوا کے کنارے پر لگایا گیا ہے، جو ناروے اور روس کے درمیان سرحد کا کام کرتا ہے، اس کے ساتھ لگے ایک اور بورڈ پر تحریر ہے کہ یہ علاقہ ناروے کے سرحدی گارڈز کی وڈیو نگرانی میں ہے۔

ناروے کے بارڈر کمشنر آرن ہولینڈ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ یہ بورڈ گرینس یاکوبسلیو نامی گاؤں کے قریب لگا ہوا ہے، انھوں نے کہا اسے اس لیے لگایا گیا ہے کہ کوئی یہاں پر اس طرح کی معیوب حرکت نہ کرے، کیوں کہ ناروے کے قانون کے تحت سرحد پر کوئی بھی ناگوار حرکت کرنا، جس کا نشانہ پڑوسی ملک یا اس کے حکام ہو، تین ہزار کرونا (290 یورو) جرمانے کا سبب بن سکتا ہے۔

ہولینڈ نے کہا کہ پیشاب کرنا چاہے کتنا ہی فطری عمل کیوں نہ ہو لیکن سرحد پر اس طرح کی ناگوار حرکت قانون کے دائرے میں آتی ہے۔ تاہم اس سلسلے میں روسی حکام نے کبھی ایسی کوئی شکایت نہیں کی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں