اشتہار

دنیا کے سب سے بوڑھے پینگوئن کو آرام کی موت دے دی گئی

اشتہار

حیرت انگیز

اوریگن: امریکی ریاست اوریگن میں دنیا کا سب سے بوڑھا پینگوئن موچیکا چل بسا، اسے بیماریوں سے نجات کے لیے بے ایذا موت دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اوریگن زو میں رہائش پذیر بوڑھے پینگوئن موچیکا کے لیے چند دن قبل عمر رسیدگی کے باعث زندگی کی اذیتوں سے نجات کے لیے سہل مرگی (euthanasia) کا فیصلہ کیا گیا۔

امریکا میں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے موچیکا کی عمر 31 برس ہو چکی تھی، اور وہ چلنے پھرنے سے معذور ہو چکا تھا، عمر رسیدگی کی وجہ سے پینگوئن کو بینائی کا مسئلہ بھی درپیش تھا، اس کی ایک آنکھ میں موتیا اتر آیا تھا اور دوسری آنکھ بڑھاپے سے کمزور تھی۔

- Advertisement -
31 سالہ موچیکا پینگوئن جو مختلف بیماریوں میں مبتلا تھا

زو انتظامیہ کے مطابق چڑیا گھر اور ایکوریم میں رہنے والے پینگوئنز میں یہ دنیا کا سب سے عمر رسیدہ نر پینگوئن تھا، اس کی پیدائش 1990 میں ہوئی تھی، وہ لوگوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوتا تھا اور دوسرے پرندوں کی بجائے ڈاکٹرز اور دیگر ملازمین کے ساتھ رہنا پسند کرتا تھا۔

کچھ وقت سے اس کی صحت اچانک بگڑنے لگ گئی تھی، اسے ادویات دینے کے ساتھ ساتھ لیزر تھراپی سے بھی گزارا گیا لیکن اس کی تکلیف کم نہ ہو سکی۔

اوریگن زو کی انتظامیہ کے مطابق موچیکا کی موت کے بعد بھی ان پرندوں کو بچانے کی عالمی کوششیں جاری رہیں گی، اس وقت ہمبولٹ نسل کے پینگوئن کے صرف 12000 جوڑے ہی بچے ہیں، جو پیرو اور چلی کے ساحلوں پر پائے جاتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں