فلوریڈا: ایرواسپیس کمپنی اسپیس ایکس کا خلائی جہاز عام شہریوں کو لے کر خلا میں روانہ ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیس ایکس کی پہلی نجی پرواز مقابلہ جیتنے والے دو عام افراد کے ساتھ مدار میں لانچ کر دی گئی ہے، جن میں سے ایک ہیلتھ کیئر ورکر اور ایک ان کا امیر اسپانسر ہے۔
خلا کی سیاحت میں یہ اب تک کا سب سے زیادہ پُرعزم اور بڑا قدم ہے، اسپیس ایکس کے خلائی شٹل نے مدار میں جا کر تاریخ رقم کر دی ہے، خلائی شٹل انسپریشن فور مشن کے تحت چار افراد کو لے کر گئی ہے۔
Liftoff of @Inspiration4X! Go Falcon 9! Go Dragon! pic.twitter.com/NhRXkD4IWg
— SpaceX (@SpaceX) September 16, 2021
انسپریشن فور چاروں افراد کو لے کر زمین کے گرد چکر لگائے گی، خلائی شٹل فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے روانہ ہوئی، خلائی گاڑی مشن کے تحت 3 دن تک وہاں قیام کرے گی۔
تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ بدھ کی رات کو لانچ ہونے والی اس خلائی گاڑی میں عملہ شوقیہ افراد پر مشتمل تھا اور پہلی بار ہے جب زمین کے گرد چکر لگانے والے افراد ماہر خلاباز نہیں ہیں۔
اگلے تین دنوں میں اسپیس ایکس کے راکٹ میں موجود انسپریشن 4 کا عملہ ہر 24 گھنٹے میں 15 مرتبہ زمین کا چکر لگائے گا، خلائی گاڑی زمین کے مدار میں پہنچنے کے بعد27 ہزار 360 کلومیٹر فی گھنٹا رفتار سے ہر 90 منٹ میں ایک چکر مکمل کرے گی۔
View from Dragon’s cupola pic.twitter.com/Z2qwKZR2lK
— SpaceX (@SpaceX) September 16, 2021
خلائی گاڑی اس دوران زمین کے گرد آواز کی رفتار سے 22 گنا زیادہ تیزی کے ساتھ سفر کرے گی۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے ناسا کے لیے انسانوں جیسے مدافعتی نظام رکھنے والے 73 ہزار خرد بینی جانور اور دیگر تحقیقاتی مواد کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن روانہ کیا تھا۔