بیجنگ: چین نے پلاسٹک کی آلودگی پرقابو پانے کا منصوبہ متعارف کرادیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چین نے اگلے پانچ سالوں میں پلاسٹک کی آلودگی پر قابو پانے کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے جس کا مقصد دو ہزار پچیس تک سفید آلودگی پر مؤثر طریقے سے قابو پانا ہے۔
قومی ترقی واصلاحاتی کمیشن اور وزارت حیاتیاتی ماحول وماحولیات کی طرف سے مشترکہ طورپرجاری ایکشن پلان میں 14 ویں پانچ سالہ منصوبے کے دوران پلاسٹک کی پیداوار اور استعمال میں کمی، پلاسٹک کے متبادل کی تیاری اور کچرا کنڈیوں میں پلاسٹک کے کچرے کی مقدار اور ماحول میں اس کے اخراج میں کافی حد تک کمی کے تفصیلی اقدامات وضع کئے گئے ہیں۔
پلان کے مطابق دو ہزار پچیس تک ریٹیل، ای کامرس اور ایکسپریس ڈیلیوری جیسے کلیدی شعبوں سے ڈسپوز ایبل پلاسٹک کے بلاجواز استعمال میں زبردست کمی کی توقع ہے، اس کے علاوہ
ملک میں پلاسٹک کے متبادل جیسے بانس، لکڑی،کاغذ اور ڈی گریڈایبل پلاسٹک کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
ان اقدامات کے تحت ڈی گریڈ ایبل پلاسٹک ٹیکنالوجیز پر تحقیق کو فروغ اور اس سے متعلقہ صنعتوں کی منظم ترقی کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔
واضح رہے اس وقت پاکستان کے کئی شہروں میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد جا چکی ہے جبکہ متعدد بڑے بڑے ڈیپارٹمنٹ اسٹورز پر پلاسٹک بیگ کو ختم کردیا گیا ہے۔