لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی وائرس نے بھی حملہ کردیا ، تین روز کے دوران ڈینگی کے 118 کیسز سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور پر کورونا کے بعد ڈینگی مچھروں نے حملہ کردیا ، شہر میں تین روز کے دوران ڈینگی کے 118 کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد ڈینگی کیسز کی تعداد 375 ہوگئی۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران 339 ڈینگی کیسز جبکہ 263 ڈینگی کیسز گزشتہ ایک ہفتے میں سامنے آئے، لاہور میں ڈیفنس اور علامہ اقبال ٹاون کا علاقہ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 21 تشویشناک مریض داخل ہیں جبکہ لاہور میں 17 ہزار سے زائد ڈینگی لاروا ہاٹ سپاٹس ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں سال 2019 میں 39 اور سال 2020 میں 17 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
خیال رہے کراچی میں بارشوں کے بعد ڈینگی وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے لگے ہیں، اسپتال ذرائع کا کہنا تھا 2 روزکےدوران 4 افراد کی ڈینگی سے اموات ہوئی تاہم ڈینگی کنٹرول پروگرام کے پاس ستمبرکاکوئی ریکارڈ نہیں۔
ڈینگی کنٹرول پروگرام کے مطابق اگست تک سندھ میں 1365کیسزرپورٹ ہوچکے، صرف کراچی میں اگست تک 1255کیسزرپورٹ ہوئے جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ڈینگی وائرس میں دوبارہ شدت آئی ہے ، جناح اسپتال میں مریض تشویش ناک حالت میں لائے جارہے ہیں۔