لاہور: امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور نے 214 پاکستانی طلبہ کے لیے انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں امریکی قونصل جنرل ولیم مکانیولے نے انگلش ورکس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے طلبہ اور اساتذہ میں ڈیجیٹل ٹیبلیٹس تقسیم کیے۔
یہ تقریب اس لیے منعقد کی گئی تھی کہ کووڈ 19 کی وبا کو روکنے کے لیے انگلش ورکس پروگرام آن لائن منعقد کیا جا سکے۔
اس موقع پر قونصل جنرل ولیم مکانیولے کا کہنا تھا کہ پروگرام سے حاصل کی گئی صلاحیتیں طلبہ و طالبات کو ان کی تعلیم اور عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے میں مددگار ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تربیت طلبہ کو خوش حال اور پُر امن پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کرنے والا سماجی رہنما بنائے گی۔
اس موقع پر قونصل جنرل کا کووڈ 19 کی ویکسینیشن سے متعلق آگہی کے لیے موسیقی کی دھن پر گایا ہوا گیت بھی پیش کیا گیا۔