پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ درفشاں سلیم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پراجیکٹس میں آئٹم نمبر کبھی نہیں کریں گی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈراموں ‘بھڑاس‘ اور ’پردیس‘ میں شاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والی اداکارہ درفشاں سلیم نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ کبھی بھی آئٹم نمبر نہیں کروں گی اور نہ ہی ایسے کردار کروں گی جس میں یکسانیت ہو۔
درفشاں سلیم نے کہا کہ میں شو کی میزبان نہیں بن سکتی، اس میں بہت زیادہ بولنا پڑتا ہے اور میں بہت کم گو ہیں، میری دوست بھی مجھ سے کہتی ہیں کہ میں تم سے اپنا دکھ بانٹ رہی ہوتی ہوں اور تم خاموش بیٹھی ہوتی ہو۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ میرے دوست بہت ہی کم ہیں اور وہ بچپن سے میرے ساتھ ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ پردیس ڈرامے میں کردار کی مناسبت سے وزن میں اضافہ کیا لیکن ہمارے ڈراموں میں ایسی ہیروئن چاہیے ہوتی ہے جو دبلی پتلی ہو اور رنگت بھی صاف ہو جو کہ غلط ہے۔
درفشاں سلیم نے کہا کہ سجل علی، اقرا عزیز اور رابعہ کلثوم کی اداکاری پسند ہے ان کے علاوہ بھی بہت سی اداکارائیں ہیں جو ڈرامہ انڈسٹری میں شاندار اداکاری کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سالگرہ منانا پسند نہیں ہے، سالگرہ کے دن کہیں کھانے پر چلی جاتی ہوں لیکن کوئی پارٹی وغیرہ کرنا اچھا نہیں لگتا۔
واضح رہے کہ درفشاں سلیم نے رواں سال مارچ میں بھڑاس ڈرامے میں شاندار اداکاری پر ایمرجنگ ٹیلنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔