کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) سے سزا یافتہ یا ضمانت پر رہا افسران کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب سے سزا یافتہ یا ضمانت پر رہا ملازمین کے خلاف اہم کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، بورڈ آف ریونیو سندھ نے ہائیکورٹ کے حکم پر نیب مقدمات میں سزا یافتہ یا ضمانت پر رہا ملازمین کو عہدوں سے فارغ کر دیا۔
بورڈ آف ریونیو نے عہدوں سے فارغ کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، سزا یافتہ یا ضمانت پر رہا افسران مختیار کار، رجسٹرار اور دیگر پوسٹوں پر تعینات تھے۔
عہدوں سے فارغ ملازمین کو بورڈ آف ریونیو میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ان ملازمین کی تعداد 15 ہے، جن میں گریڈ 9 سے گریڈ 16 تک کے ملازمین شامل ہیں۔
عہدوں سے ہٹائے گئے ملازمین کا تعلق جیک آباد، سانگھڑ، کراچی، شکار پور اور جام شورو سے ہے، ان میں 4 افسران کا تعلق کراچی سے ہے، جب کہ ہٹائے گئے 3 افسران اس وقت زیر حراست ہیں۔