ممبئی: منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گھر کا کھانا دینے سے انکار کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے جیل میں کھانے پینے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان کو گھر کا کھانا دینے سے انکار کردیا۔
آریان اور اس کے دوستوں کو گرفتاری کے بعد این سی بی کے دفتر میں کاغذ کی پلیٹوں میں سبزی کا سالن، پوریاں اور دال چاول دیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق آریان خان اور اس کے دوستوں کو دیا جانے والا کھانا این سی بی دفتر کے قریب سے ہی منگوایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے سیکشن 8 سی، 20 بی، 27 اور 35 کے تحت گرفتار کیا ہے۔
مزید پڑھیں: مودی سرکار شاہ رخ خان کے بیٹے کو پھنسوا رہی ہے، کانگریس رہنما
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ اگر آریان پر لگائے گئے الزامات سچ پر مبنی ہوئے تو انہیں 20 سال کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔
این ڈی پی ایس کا سیکشن 20 بی منشیات رکھنے کا کیس ہے جب کہ سیکشن 8 سی منشیات فروخت اور خریدنے کا کیس ہے، سیکشن 20 بی کے کیس میں اگر الزامات سچ ثابت ہوئے تو انہیں 20 سال کی سزا ہوگی۔
خیال رہے کہ آریان خان کو 2 اکتوبر کو این سی بی نے ساحل پر کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کے کیس میں گرفتار کیا تھا، 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد انہیں عدالتی حکم پر 7 اکتوبر تک این سی بی کے سپرد کردیا گیا۔