ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کردہ 15 رکنی قومی اسکواڈ میں تبدیلیاں کردی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، خوشدل شاہ کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اعظم خان کو ڈراپ کرکے سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جارح مزاج بیٹسمین حیدر علی کو بھی ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔
ٹریولنگ ریزرو کھلاڑیوں میں خوشدل شاہ، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔
انجرڈ صہیب مقصود کی شمولیت فٹنس سے مشروط کردی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو بابر اعظم کے مشورے پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل صہیب مقصود کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ صہیب مقصود کو ایم آر آئی اسکین کے لیے اسپتال لایا گیا، انہیں چلنے میں مشکل پیش آرہی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم کی ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور دیگر کوچز کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے جس میں کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ قومی اسکواڈ آج شام سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں بائیو سیکیور میں جائے گا، ٹیم 10 اکتوبر سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی جبکہ 15 اکتوبر کو یواے ای کے لیے روانہ ہو گی۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے عمان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔