اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کل متحدہ عرب امارات کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق صدر عارف علوی یو اے ای کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اور دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین کا افتتاح کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 خطے کی سب سے بڑی اور متنوع نمائش ہے، جس میں 192 ممالک، اور کاروباری ادارے شرکت کر رہے ہیں، یہ ایکسپو یکم اکتوبر سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔
ترجمان کے مطابق ایکسپو میں پاکستان پویلین نمائش کے اہم احاطے میں سب سے بڑا پویلین ہے، جس کا موضوع "پوشیدہ خزانہ” ہے جو پاکستان کی غیر دریافت دولت کو ظاہر کرتا ہے۔
یو اے ای میں صدر پاکستان معروف تاجران، سرمایہ کاروں، آئی ٹی کمپنیوں سے ملیں گے، وہ پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان، یو اے ای سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال کی تکمیل پر ہو رہا ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں، اور یہ دونوں دوطرفہ روابط، مشترکہ عقیدے، تاریخ، اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑے ہیں۔