لاہور : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے حمایت کرنے کی درخواست پر جمیعت علمائے اسلام نے معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مولانا فضل الرحمان سے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے ملاقات کی، مولانا عبدالغفور حیدری نے مولانا کو وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جے یو آئی نے جام کمال کی حمایت کی درخواست پر ان سے معذرت کر لی ہے، مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ تین سال تک جام کمال نے غیر جمہوری رویہ اپنائے رکھا اور اپوزیشن کے ساتھ بھی ان رویہ انتہائی نامناسب رہا۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ کہ پانی سر سے گزر چکا ہے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی بلوچستان اور پارلیمانی پارٹی کا فیصلہ درست ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی تھی اور اپنی حکومت بچانے کے لیے جے یو آئی سے مدد کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق مولانا عبدالغفور حیدری ملاقات کے بعد لاہور کے لیے روانہ ہوگئے تھے جہاں انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ہم جدوجہد جاری رکھیں گے، 12 لوگوں کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں اور بی اے پی کے اکثر ارکان میری حمایت کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کچھ ساتھی 4 بار پہلے بھی مجھے ہٹانے کی کوشش کرچکے ہیں۔