اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پہلی سی محبت‘ کے اختتام پر اداکارہ مایا علی نے طویل پوسٹ شیئر کردی۔
ڈرامہ سیریل ’پہلی سی محبت‘ میں مایا علی نے (رخشی) اور شہریار منور نے (اسلم) کا کردار ادا کیا، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں شبیر جان، حسن شہریار یاسین، نوشین شاہ، صبا فیصل ودیگر شامل تھے۔
اداکارہ مایا علی نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہر سفر اختتام کو پہنچتا ہے، یہ ضروری نہیں کہ ہر محبت کی کہانی کا اختتام خوشگوار ہو، پہلی سی محبت اور ’رخشی‘ ہمیشہ میرا پسندیدہ کردار رہے گا۔‘
مایا علی نے لکھا کہ ’کچھ محبت کی کہانیوں کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا وہ صرف دلوں میں رہتے ہیں اور ہر لمحے آپ کے ساتھ ہوتے ہیں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ اسلم اور رخشی نے ایک دن اپنی زندگی گزاری اور ان کی محبت کو ایک ساتھ رہنے کے لیے کسی نام یا چیز کی ضرورت نہیں، مایا علی نے ازراہ مذاق لکھا کہ ‘اور بھی کام ہیں زمانے میں محبت کے سوا۔‘
مایا علی کا کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ ایک اچھی کاسٹ، عملے، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جس نے ہر شخص کو سیٹ پر بے پناہ عزت اور محبت دی۔‘
اداکارہ نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے رخشی کے کردار کو پسند کیا اور محبت کا اظہار کیا، جلد ہی آپ سب سے دوبارہ ملیں گے۔‘