سڈنی: آسٹریلیا میں حملہ کرکے 14 کینگروز کو ہلاک کرنے والے دو لڑکوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی پولیس کا کہنا ہے کہ 14 کینگروز کو مارنے کے الزام میں 17 سال کے دو لڑکوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سڈنی کے قریب بیٹمنز بے نامی علاقے میں مقامی افراد نے ایسٹرن گرے کینگروز کو مردہ حالت میں پایا تھا، ان میں دو چھوٹے کینگرو بھی شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق مردہ حالت میں پائے جانے والے کینگروز کی تعداد 14 تھی، تاہم وائرز نامی جانوروں کو بچانے والی تنظیم نے تعداد 15بتائی ہے۔
وائرز نے فیس بک پر لکھا کہ نوجوانوں کی اس حرکت نے جائے وقوعہ پر جانے ولے ہماری مڈ ساؤتھ کوسٹ برانچ کے رضاکاروں اور مقامی افراد پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جانوروں کی لاشیں علاقے کی دو مختلف جگہوں سے برآمد ہوئیں، ایک شخص کو ایک چھوٹی مادہ کینگرو زندہ حالت میں ملی جسے رضاکاروں نے ’ہوپ‘ کا نام دیا۔
مڈ ساؤتھ کوسٹ وائرز کی سربراہ جنیل رینز نے کہا کہ حیرت انگیز طور پر وہ بالکل ٹھیک ہے لیکن جب اسے یہاں لایا گیا تھا اس کی حالت بہت خراب تھی، اس چھوٹے مادہ کینگرو کو ہوش میں لانے میں دو گھنٹے لگے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکوں پر جانوروں کو بری طرح مارنے اور قتل کرنے کا الزام ہے، دونوں لڑکوں کو بچوں کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔