مردان: خیبر پختون خوا کے شہر مردان کے ایک ہائی اسکول میں 22 طلبہ اچانک بے ہوش ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مردان کے ایک گاؤں ابراہیم خان کلی میں گورنمنٹ ہائی اسکول کے بائیس طلبہ بے ہوش ہو گئے، جس پر اسکول انتظامیہ نے ریسکیو کو طلب کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیم نے فوری ریسپانس دے کر اسکول سے بے ہوش بچوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے، ریسکیو ٹیم کے مطابق بائیس بچوں کو انھوں نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ بچوں کو پیٹ کے کیڑے مارنے کے لیے گولیاں دی گئی تھیں، اسکول میں انھیں اچانک سر درد اور قے کی شکایت ہونے لگی، اور پھر بچے نڈھال ہو کر بے ہوش ہو گئے۔
یہ واقعہ گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم خان کلی میں پیش آیا ہے، مقامی اسپتال میں متاثرہ بچوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔