واشنگٹن : افغانستان سے امریکی انخلاء پر تنقید کرنے والے امریکی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل کو کورٹ مارشل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
امریکی مرین فورس کے لیفٹیننٹ کرنل اسٹواسکیلر نے جنرل مارک ملی سمیت دیگر عسکری قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ فوجی قیادت نے لیفٹننٹ کرنل کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کرکے امریکی فوجی قانون کے تحت اعلیٰ عسکری قیادت کی بے عزتی اور نافرمانی کرنے سمیت چھ الزامات عائد کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ان الزامات کی روشنی میں مرین فورس کے لیفٹیننٹ کرنل اسٹواسکیلر کو منگل کے روز کورٹ مارشل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرنل اسٹواسکیلر نے 17 برس بطور افسر انفنٹری ڈویژن میں خدمات انجام دیں ہیں اور کئی برس افغانستان اور عراق میں بھی تعینات رہے ہیں۔