کراچی : جامعہ کراچی نے ڈگری پروگرام کے تحت نشستوں کی تعداد میں پچیس فیصد اضافے کی منظوری دے دی ، اطلاق جامعہ کراچی سے منسلک تمام کالجز پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی نے ڈگری پروگرام میں 25 فیصد نشستوں کے اضافے کا فیصلہ کرلیا ، یونیورسٹی انتظامیہ نے نشستوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات کے مطابق فیصلہ طلبہ و طالبات کی تعداد میں اضافے پر کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ تعلیمی سال کےدوران کورونا کے باعث اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے امتحانات میں تمام طلبا کو پاس کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،جس کی وجہ سے نشستوں میں اضافہ بھی ضروری ہوگیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اطلاق جامعہ کراچی سےمنسلک تمام کالجز پر ہوگا۔
یاد رہے جامعہ کراچی نے 2 سالہ ڈگری پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پروگرام جاری رکھنے کی منظوری اکیڈمی کونسل سے لی جائے گی۔